• news

دنیا کے اہم کھلاڑی سپر لیگ میںشرکت کرینگے:سلمان سرور


لاہور (حافظ عمران/وقت نیوز) پاکستان سپر لیگ کے مینجنگ ڈائریکٹرسلمان سرور بٹ نے کہا کہ پی ایس ایل کے لئے دنیا کے کئی اہم موجودہ کھلاڑیوں نے شمولیت کے لئے رضامندی ظاہر کر دی ہے اور جوں جوں وقت گزر رہا ہے بہت زیادہ رسپانس مل رہا ہے۔ وقت نیوز کے کھیلوں کے پروگرام ”گیم بیٹ“ میں انٹرویو کے دوران سلمان سرور بٹ نے کہا پاکستانی کھلاڑی دنیائے کرکٹ کے سپر سٹارز ہیں ان کی شمولیت سے ہی سری لنکا پریمیر لیگ اور بنگلہ دیش پریمیر لیگ کی ریٹنگ بڑھتی ہے، ہمارے کھلاڑی شامل نہ ہوں تو ان لیگز کی ریٹنگ نیچے آ جاتی ہے۔ اس لئے پاکستان سپر لیگ میں تمام پاکستانی سپر سٹارز کے ساتھ دنیا کے بہترین ٹی ٹونٹی پلیئرز پی ایس ایل میں صلاحیتوں کا جلوہ دکھائیں گے۔ میں پی ایس ایل کو دنیا کی دوسری بڑی کرکٹ لیگ بنتے دیکھ رہا ہوں۔ فی الحال ہم نے سپر لیگ کے وینیو کا انتخاب نہیں کیا اور اس حوالے سے بعض میڈیا رپورٹس صداقت پر مبنی نہیں ہیں کہ میچز کے لئے لاہور کو حتمی طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ کسی نیوٹرل مقام پر انعقاد ہمارے پلان میں قطعی طور پر شامل نہیں۔ پاکستان سپر لیگ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اتنے ہی پیسے ملیں گے جتنے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ملیں گے۔ پاکستان سپر لیگ کی تیاریوں میں ہارون لوگارٹ کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ پی ایس ایل میں جاوید میانداد کے کردا کے حوالے سے سلمان سرور بٹ نے بتایا کہ جاوید میاں داد پہلے بھی سپر لیگ کے ساتھ تھے اور اب بھی گورننگ باڈی کے رکن ہیں بلکہ مجھے سب سے پہلے سپر لیگ کے لئے کام کرنے کا کہنے والے بھی جاوید میاں داد تھے۔ براڈ کاسٹنگ، سپانسر شپ اور فرنچائز کے حوالے سے سارا کام فروری کے مہینے میں مکمل کر لیا جائے گا اور پھر اس کے بعد ہی مناسب وقت پر انٹرنیشنل پلیئرز اور دیگر تفصیلات کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔ فیکا، پی سی اے اور دیگر تنظیموں کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹرز کو پاکستان نہ جانے کی ہدایت کرنے کے بارے میں ایم ڈی پی ایس ایل نے کہا کہ ان تنظیموں سے ہمیں کوئی سروکار نہیں مگر ہم پاکستان کے امیج اور ملک میں کرکٹ کی بحالی کا عزم لے کر پوری کوشش کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن