پہلا انٹرنیشنل نیزہ بازی مقابلہ 8 فروری سے فیصل آباد میں ہو گا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں پہلا انٹرنیشنل نیزہ بازی کا مقابلہ 8 سے 12 فروری تک فیصل آباد میں منعقد ہوگا۔ مقابلے میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیمیں بھی شرکت کرینگی۔ اس بات کا اعلان فارمز ایسوسی ایٹ آف پاکستان کے صدر طارق ب±چہ نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ طارق بچہ کا کہنا تھا کہ پہلے بین الاقوامی ٹینٹ پیگنگ مقابلہ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیموں کی شرکت کی تصدیق ہو چکی ہے ۔جنوبی افریقہ کی چار جبکہ بھارت اور انگلینڈ کی ایک ایک ٹیم شرکت کرئے گی۔ انڈجنیس ہارس بریڈرز کے صدر نعیم ملک کا کہنا تھا کہ مہمان ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ نیزہ بازی کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف ہونگے۔ ٹائٹل سپانسر ٹیپال کے گووند مالی کا کہنا تھا کہ مقابلوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
ہمیں فخر ہے کہ ہماری کمپنی ملک میں انٹرنیشنل مقابلے کے لئے سپانسر شپ فراہم کر رہی ہے۔ اس سے ثقافتی کھیل کو ترقی ملے گی۔