بلوچستان: گورنر راج کے خاتمہ کیلئے مولانا شیرانی کی فاروق نائیک سے بھی اہم ملاقات
اسلام آباد (آئی این پی) صدر آصف علی زرداری سے بلوچستان میں گورنر راج کے خاتمے سے متعلق اہم ملاقات کے بعد اسلامی نظریہ کونسل کے چیئرمین اور جے یو آئی (ف) بلوچستان کے امیر مولانا محمد خان شیرانی نے بدھ کو یہاں وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک سے بھی اہم ملاقات کی جس میں گورنر راج کے خاتمہ اور صوبائی حکومت کی بحالی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذمہ دار ذرائع نے صوبائی حکومت کی بحالی کے حوالے سے آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران اہم فیصلہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں گورنر راج کے بعد سنگین نوعیت کا آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے اور خاص طور پر آئندہ انتخابات کیلئے وزیراعلیٰ کے بغیر صوبائی اسمبلی نہیں توڑی جاسکتی ۔ برطرف وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی اور صوبے میں ان کی سب سے بڑی حلیف جماعت جے یو آئی کے درمیان اندرون خانہ تمام معاملات طے پاچکے ہیں اور اسلم رئیسانی نے صوبائی حکومت کی بحالی کے بعد مستعفی ہونے کا یقین دلایا ہے جس کے بعد نیا قائد ایوان لایا جائے گا اور اس کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہی ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 236 کے تحت بلوچستان حکومت کی برطرفی کیلئے جو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اسے واپس لے لے گی۔