• news

گنے کے پھوک سے بجلی پیدا کرنے کیلئے شوگر ملوں کو تعاون فراہم کرینگے: احمد مختار

اسلام آباد (خبرنگار) پانی و بجلی کے وفاقی وزیر چودھری احمد مختار نے کہا ہے کہ گنے کے پھوک سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے شوگر ملز کو ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں پالیسی میں ضروری ترامیم بھی کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ 15سو میگا واٹ بجلی گنے کے پھوک سے پیدا کر کے جلد از جلد نیشنل گرڈ میں شامل کر دی جائے۔ انہوں نے یہ بات گنے کے پھوک سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہی۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں اس وقت 87 سے زائد شوگر ملز ہیں جن میں سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے نہ صرف فرنس آئل کی درآمد میں کمی ہو گی بلکہ 133 ارب سے لے کر 49 ارب تک زرمبادلہ کی بچت بھی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے مشینری مقامی سطح پر تیار ہو رہی ہے۔ ایک منصوبہ مکمل ہونے میں ایک سال کا قلیل عرصہ درکار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن