سی این جی ایسوسی ایشن کا کل سے احتجاجی تحریک، دھرنوں کا اعلان
اسلام آباد (ثناءنیوز) چئیرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی بدحالی کی بنیادی وجہ توانائی کا بحران ہے جس کے ذمہ دار مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم ہیں جن کی موجودگی میں ملک ترقی کر سکتا ہے نہ عوام کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ گیس کا مصنوعی بحران ختم کر کے سی این جی اور صنعتوں کی گیس بحال کی جائے اور پنجاب بھر کے تمام سی این جی سٹیشن پرانے شیڈول کے مطابق کھولے جائیں ورنہ دو فروری سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2 فروری کو بہاولپور، 3 فروری ملتان اور وہاڑی، 4 فروری فیصل آباد، 5 فروری گوجرانوالہ اور بعد ازاںلاہور راولپنڈی اور کراچی میں احتجاجی جلسے اور جلوس نکالے جائیں گے۔ اگر 10 فروری تک مسئلہ حل نہ ہوا تو لاہور اور اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا۔