پنشن کے نظام میں اصلاحات کا فیصلہ کمپیوٹرائزڈ کارڈ جاری ہونگے
کراچی (کامرس رپورٹر) ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو تکالیف اور مشکلات سے بچانے کیلئے وفاقی حکومت نے پنشن کے نظام میں اصلاحات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں پنشنرزکوکمپیوٹرائزڈ کارڈ جاری کئے جائےں گے، جس کی ہر پانچ سال بعد تجدید ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ نظام جولائی 2013 میں نافذالعمل ہوجائے گا۔اس حوالے سے اکاو¿نٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) نے باقاعدہ طورپر اصلاحات کا مسودہ تیارکرلیا ہے جس کی منظوری وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ان اصلاحات کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد تمام واجبات ایک ہفتے کے اندر اندرادا کردیئے جائیں گے۔ ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازم کو اپنے متعلقہ محکمے یا ادارے کو اپنی ریٹائرمنٹ سے ایک سال قبل درخواست دینا ہوگی۔ متعلقہ محکمہ اور ادارہ درخواست کی وصولی کے ایک ماہ کے اندر اس سرکاری ملازم کے سروس ریکادڑ کی چھان بین اور تصدیق کرے گا۔ اس کے بعد محکمہ یا ادارے کی طرف سے یہ ریکارڈ اے جی پی آر کو بھیج دیا جائے گا جہاں اس ریکارڈ کی دوبارہ تصدیق ہوگی ۔ریٹائرمنٹ سے تین ماہ پہلے تک سارا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔