الیکشن کمشن نے لازمی ووٹ کی شرط پر قانون سازی کیلئے ریفرنس وزارت قانون کو بھجوا دیا
اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمشن نے لازمی ووٹ کی شرط پر قانون سازی کے لئے ریفرنس وزارت قانون کو بھجوا دیا، ہر رجسٹرڈ شہری کے لیے ووٹ لازمی ڈالنے اور ووٹ نہ ڈالنے والوں کےلئے سزا یا جرمانے کی تجویز بھی ریفرنس میں شامل کی گئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے وزارت قانون کو بھیجے جانے والے ریفرنس میں ہر رجسٹرڈ شہری کے لیے لازمی ووٹ ڈالنے کی شرط سے متعلق قانون سازی کی تجویز شامل کی گئی ہے۔ ووٹ نہ دینے والوں کی حوصلہ شکنی کے لیے سزا یا جرمانے کی تجویز کے علاوہ ریفرنس میں پچاس فیصد سے کم ووٹ لینے والے امیدوار کو کامیاب امیدوار قرار نہ دینے سے متعلق بھی قانون سازی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امیدواروں کی تعداد زیادہ ہونے اور واضح اکثریت نہ ہونے کی صورت میں پہلے تین امیدواروں کے درمیان دوبارہ الیکشن کرائے جانے کی تجویز بھی ریفرنس میں شامل ہے۔ بیلٹ پیپر میں مندرجہ بالا میں سے کوئی بھی نہیں کا آپشن شامل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ وزارت قانون کو اس ریفرنس پر پارلیمان سے قانون سازی کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔