• news

پاکستان سپورٹس بورڈ نے مخالف تنظیموں کے عہدیداروں کے نام ویب سائٹ سے ہٹا دیئے


لاہور (چودھری اشرف) پاکستان سپورٹس پالیسی کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حتمی فیصلے سے قبل ہی پاکستان سپورٹس بورڈ نے پی او اے کے انتخابات میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کا ساتھ دینے والے کھیلوں کی تنظیموں کے صدور اور سیکرٹریز کے نام پی ایس بی ویب سائٹ سے نکال دیئے ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سپورٹس پالیسی کے حوالے سے گذشتہ سال فیصلہ دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کسی بھی تنظیم کا عہدیدار دو مرتبہ سے زیادہ مدت کے لئے عہدے پر نہیں رہ سکتا ہے لہٰذا فیڈریشن اور ایسوسی ایشن نئے انتخاب کرا کر سپورٹس پالیسی پر عملدرآمد کریں۔ کھیلوں کی بعض تنظیموں نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں تاہم پاکستان سپورٹس بورڈ کے عہدیداران نے سپریم کورٹ آف پاکستان کا تفصیلی فیصلہ آنے سے قبل ہی پی ایس بی ویب سائٹ سے ان کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران کا نام ہی خارج کر دیا جن تنظیموں پر سپورٹس پالیسی کا اطلاق ہوتا ہے۔ جن کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران کا نام ویب سائٹ سے ہٹایا گیا ہے ان میں بیس بال فیڈریشن آف پاکستان کے صدر شوکت جاوید اور سیکرٹری خاور شاہ، چیس فیڈریشن آف پاکستان جو اس وقت ایڈہاک پر چل رہی ہے کے قائم مقام صدر الطاف چوہدری اورسیکرٹری سلیم خان، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات، پاکستان جمناسٹک فیڈریشن کے صدر جسٹس (ر) خواجہ فاروق سعید اور سیکرٹری پائندہ اے ملک، پاکستان جوجسٹو فیڈریشن جس کے جنوری 2013ءمیں ہی انتخاب ہوئے ہیں جس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ہی نہیں ہوتا کیونکہ جو جسٹو فیڈریشن کا الحاق ہی 2012 میں پی ایس بی کے ساتھ ہوا تھا کے صدر خلیل احمد خان اور سیکرٹری وقار الیاس خان، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر افتخار احمد تبسم، پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر چوہدری محمد یعقوب اور سیکرٹری عبدالخالق خان شامل ہیں۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل امیر حمزہ گیلانی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کھیلوں کی بعض تنظیموں کے عہدیداران دو مرتبہ کی مدت پوری کر چکے ہیں ایسی تنظیموں کے نام ویب سائٹ سے ختم ہوئے ہونگے تاہم میں اس سے لاعلم ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن