• news

بھارتی پراپیگنڈہ خارجہ حکام اور فوجی ترجمان کہاں


 پاکستان نے بھارت پر 1998 ءسے لے کر اب تک 12 فوجیوں کا سرقلم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اقوام متحدہ میں احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ بھارتی اخبار ”دی ہندو“ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے کشمیر کنٹرول لائن پر معاملات پر نظر رکھنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یونائیٹڈ نیشن ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان (یو این ایم او جی آئی پی) میں ان الزامات کے حوالے سے دستاویزات کی ایک لمبی فہرست جمع کرا ئی ہے۔
اتوار 6 جنوری 2013ءکی صبح بھارتی فوج نے حاجی پیر سیکٹر میں کنٹرول لائن کے پار پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے لانس نائیک محمد اسلم کو شہید اور اسکے ایک ساتھی کو زخمی کر دیا تھا۔ اس پر پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کی غیرموجودگی میں ڈپٹی ہائی کمشنر کو اسلام آباد دفتر خارجہ میں طلب کرکے شدید احتجاج کیا ۔جس کے ردعمل میں بھارتی فوج کے ایک ترجمان کرنل برجیش پانڈے نے موقف اختیار کیا کہ ضلع اڑی میں پاک فوج کی جانب سے مارٹر گولے فائر کئے گئے تھے جس کے جواب میں بھارتی فوج نے پاکستانی چوکی پر ہلکے ہتھیاروں سے جوابی فائرنگ کی۔ پھر تین دن بعد بھارتی میڈیا میں یہ غلغلہ ہونے لگا کہ منڈھیر سیکٹر میں چھ جنوری اتوار کی صبح پاکستانی فوجیوں نے کنٹرول لائن عبور کرکے دو بھارتی سیکورٹی اہلکار وںکو ہلاک کیا اور ایک کا سر کاٹ کر ساتھ لے گئے۔ جس پر بھارت کے سیاسی‘ سرکاری اور غیرسرکاری حلقوں اور میڈیا میں کہرام مچ گیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر کو دہلی کی وزارت خارجہ میں طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔بھارتی وزیر خارجہ ، ایئر چیف اور آرمی چیف نے پاکستان کو باقائدہ دھمکیاں دیں اور ان پر کنٹرول لائن پر مزید جارحیت کر کے عمل بھی کر دکھایا،اس کے باوجود کہ بھارتی ناردرن کمانڈ کے فوجی ترجمان کے کالیا نے سر قلم کرنے والے واقعہ کی بروقت تردید کردی تھی۔ یہ بھارتی سیاستدانوں، میڈیا اور دیگر طبقات کا وطیرہ رہا ہے کہ من گھڑت الزامات لگا کر پاکستان کو عالمی برادری میں بدنام اور رسوا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ دوسری طرف ہمارے ہاں صورتحال اس کے برعکس ہے ، ہم اپنا اصل مﺅقف بھی دنیا کے سامنے پیش کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔جب بھارتی، پاکستان کے خلاف ایک فوجی کے سر قلم کرنے کا بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہے تھے اس کے جواب میںپاکستان کی طرف سے دنیا کے سامنے یہ حقائق کیوں نہ رکھے گئے جو اقوامِ متحدہ کو دئیے گئے ہیں کہ بھارتیوں نے پندرہ سال میں بارہ پاکستانی فوجیوں کے سر قلم کئے ہیں۔ ایسے مواقع پر وزارت خارجہ اور دفاع کو اپنی آنکھیں کھلی رکھنے کی ضرورت ہے ۔افسوس کا مقام ہے کہ اقوام متحدہ کو پاکستانی حکام کی طرف سے دی گئی لسٹ کی خبر بھارتی میڈیا کی طرف سے آئی ہے ۔ آئی ایس پی آر کہاں ہے ؟

ای پیپر-دی نیشن