اورکزئی ایجنسی: فورسز کی بمباری 9 شدت پسند جاں بحق‘ خیبر ایجنسی میں لڑائی جاری مزید 12 مارے گئے
اورکزئی ایجنسی (نوائے وقت نیوز+ آن لائن) اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی جیٹ طیاروں سے بمباری میں 9 شدت پسند جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے۔ خیبر ایجنسی میں شدت پسند گروپوں کے درمیان ساتویں روز بھی جھڑپیں جاری رہیں جس سے مزید 12 شدت پسند جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اورکزئی ایجنسی کے علاقوں ازغنجو، سرکانیٹری میں جیٹ طیاروں سے بمباری کی جس سے 9 شدت پسند جاں بحق اور انکے تین ٹھکانے بھی تباہ کردئیے گئے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق وادی تیرہ کے علاقے سندنا میں کالعدم لشکر اسلام اور کالعدم انصار الاسلام کے درمیان جھڑپ 9 ویں روز بھی جاری رہی۔ وادی تیرہ، جمرود، باڑہ اور دیگر علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری جھڑپوں میں مجموعی طور پر 104 شدت پسند جاں بحق ہوگئے ہیں۔ متحارب گروپ جدید اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کررہے ہیں جبکہ پشاور میں جناح پارک کے قریب پولیس موبائل وین پر بم حملے میں 9 افراد زخمی ہو گئے جبکہ 8 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔