پی آئی اے کو اوقات کار کی پابندی نہ کرنے پر نوٹس
پیرس (نوائے وقت نیوز) پی آئی اے کی جانب سے فلائٹ عملے کے اوقات کار زیادہ ہونے پر فرانسیسی ایوی ایشن اتھارٹی نے پیرس میں پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون تھری فور پر چھاپہ مارا اور عملہ کے اوقات کار کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا اور وارننگ دی کہ فلائٹ عملے کے اوقات کار کسی صورت نو گھنٹے سے زیادہ نہ ہوں جس کے بعد سیفٹی اینڈ انویسٹیگیشن بورڈ سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان بھی خواب خرگوش سے بےدار ہو گیا۔ بورڈ نے تمام فضائی کمپنیوں کو اس بات کا پابند کر دیا کہ وہ پانچ روز میں ضروری اقدامات کریں۔