بلوچستان میں قطر کے شیخ کے قافلے پر حملہ، 2سکیورٹی اہلکار زخمی
کیچ (نوائے وقت رپورٹ/ بی بی سی) بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم افراد نے قطر کے شیخ کے قافلے پر حملہ کر دیا تاہم قطر کے شیخ محفوظ رہے۔ حملے میں 2سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہو گئے۔ بی بی سی کے مطابق یہ حملہ ضلع کیچ کے ہیڈ کوارٹر تربت کے قریب پٹخ کے مقام پر اس وقت ہوا جب یہاں شکار پر آنے والے قطر کے حکمران خاندان کے ایک شہزادے اپنے ایک کیمپ سے دوسرے کیمپ جا رہے تھے۔ عرب شیخ اس علاقے میں تلور اور دیگر پرندوں کے شکار کے لئے آتے ہیں۔ محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ایک اہلکار نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں فرنٹیئر کور کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ عرب شیخ پر نہیں بلکہ اس کی سکیورٹی پر مامور فرنٹیئر کور کی گاڑیوں پر کیا گیا۔