• news

توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت نے سنجیدگی سے کام نہیں کیا‘ ملک اندھیروں میں بھٹک رہا ہے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران محبت اور اخوت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ایران پاکستان کا بااعتماد اور مخلص دوست ملک ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی، تجارتی اور صنعتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ نواز شریف نے بطور وزیراعظم ایران کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور ایران معاشی، تجارتی، صنعتی و زرعی میدان میں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر آگے بڑھیں۔ ایران خطے کا اہم ملک ہے اور ایران کو اس خطے میں قیام امن کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ ایران کی حیثیت مسلمہ ہے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ایران کے سپریم لیڈر کے مشیرعلی اکبر ولایتی سے گفتگو میں کیا جنہوں نے 14 رکنی وفد کے ساتھ ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہاکہ اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مستحکم بنانے کیلئے علی اکبر ولایتی کاکردار بطور وزیر خارجہ لائق تحسین رہا ہے۔ایران کی طرف سے پاکستان کو توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے معاونت کی فراہمی خوش آئند ہے اور اگر وفاقی حکومت اس ضمن میں سنجیدگی کے ساتھ کام کرتی تو آج پاکستان اندھیروں میں نہ بھٹک رہا ہوتا۔ توانائی کے شدید بحران کے باعث پاکستان میں صنعت اور زراعت کے شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے پونے پانچ برس کے دوران توانائی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے کوئی ٹھوس پالیسی نہیں بنائی۔ انہوں نے کہا کہ بدترین توانائی بحران سے نمٹنا بہت بڑا چیلنج ہے اور سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باعث پنجاب توانائی کے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے تاہم پنجاب حکومت نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے اپنے وسائل سے منصوبہ بندی کی ہے اور پانی، کوئلے و سولر سے توانائی کے حصول کے مختلف منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لوڈشیڈنگ کے عذاب سے طلبا و طالبات کو ریلیف دینے کیلئے پاکستان کی تاریخ کا منفرد اور انقلابی پروگرام ”اجالا“ شروع کیا ہے، ایران کے تعاون سے لاہور میں پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید سلاٹر ہاﺅس قائم کیا گیاہے جس سے حلال گوشت کی برآمد میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے عام آدمی کو جدید، باکفایت اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ برق رفتاری سے مکمل کیاہے۔ ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات انتہائی مستحکم تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جس طرح عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی مینجمنٹ قابل تعریف ہے۔ علی اکبر ولایتی اور ان کے وفد کے ارکان نے شہباز شریف سے ان کے چھوٹے بھائی محمد عباس شریف کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور نواز شریف شہباز شریف کو ایران کے دورے کی دعوت دی۔

ای پیپر-دی نیشن