راجہ ریاض کی گورنر سے ملاقات، نئے صوبے پر تفصیلی گفتگو
لاہور (خبر نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے گورنر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کی جس میں پنجاب میں نئے صوبے کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ ارکان پنجاب و قومی اسمبلی سے رابطے کئے جائیں۔ علاوہ ازیں رحیم یار خان سے رکن اسمبلی جاوید چودھری، میاں شفیع، قاضی سعید، رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، پاکپتن کے وکلا اور سول سوسائٹی کی منتخب شخصیات نے بھی گورنر پنجاب سے ملاقاتیں کیں۔ یونس بھٹی کی قیادت میں ملنے والے پی پی پنجاب اقلیتی ونگ کے وفد سے گفتگو میں گورنر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے اقلیتوں کے حقوق کی عملی طور پر ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دَور سے اقلیتی برادری کی پیپلز پارٹی کے ساتھ گہری وابستی چلی آرہی ہے۔ موجودہ حکومت نے اقلیتوں کو قومی ترقی کے دھارے میں نہ صرف شامل کیا ہے بلکہ اس کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔