• news

قاتل لیگ کہنے والوں نے ہی مجھے ڈپٹی وزیراعظم بنایا: پرویز الٰہی

لاہور ( خبرنگار) ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قاتل لیگ کہنے والوں نے ہی مجھے ڈپٹی وزیراعظم بنایا، اللہ کا شکر ہے ہماری نیت صاف ہے اور صاف نیت کے بل بوتے پر ہی اللہ تعالیٰ ہماری مدد کرتا ہے۔ میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب ہی پنجاب کو خوشحال بنایا ہے اور تعلیم کو عام کرنے کے لئے تعلیم کا بجٹ سب سے زیادہ رکھا ہے اور خرچ کیا ہے۔ ہم نے صرف گجرات پر ہی توجہ نہیں دی بلکہ پورے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے، موجودہ پنجاب حکومت نے دانش سکولوں، پیلی ٹیکسی اور لاہور کے اندر بسیں چلانے جیسے غیر ضروری منصوبوں پر 40 ارب روپے کی خطیر رقم ضائع کر دی ہے، میں نے جب پنجاب حکومت چھوڑی تو خزانے میں سو ارب روپیہ موجود تھا جبکہ اب ڈی سی او گجرات سے پوچھ لو کہ اس کے پاس گاڑیوں میں تیل ڈلوانے کے لئے بھی رقم نہیں ہو گی۔ اب پنجاب حکومت پھونکوں کے سہارے چل رہی ہے، شہباز شریف ہمارے منصوبے ختم نہ کرتے تو آج پنجاب میں اندھیرے نہ ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار چودھری پرویز الٰہی نے حلقہ این اے 105 میں الیکشن لڑنے کے حوالے سے ظہور الٰہی پیلس میں یونین کونسل 49، 52، 55، 57، 56 کے سابق ناظمین اور معززین کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الیکشن حلقہ این اے 105 سے انشاءاللہ ہر صورت لڑوں گا کارکنوں کو چاہئے کہ وہ اپنی کمر کس لیں اور گھر گھر جا کر مسلم لیگ (ق) کے لئے ووٹ مانگیں۔ انشاءاللہ حلقہ این اے 105 سے کامیابی ہماری ہے اور ہم نے گجرات کے لئے جو کچھ بھی کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اصولوں کی منفی سیاست کی ہے اور ہمیشہ صرف لاہور پر ہی توجہ دی ہے کیونکہ ان کا صوبہ ہی لاہور ہے اور گجرات میں مسلم لیگ (ن) عنقریب تتر بتر ہونے والی ہے اور انشاءاللہ اگر آپ کا ساتھ ہمارے ساتھ ہوا تو آئندہ عام انتخابات میں اشتہاریوں اور مجرموں کی ضمانت ضروری ضبط کروائیں گے۔ اب دھاندلی کرنے والوں سے پورا پورا حساب لیں گے۔ اس موقع پر چودھری وجاہت حسین، میاں عمران مسعود، چودھری سلیم اختر، سید نوازش علی شاہ، حنیف حیدری، چودھری اصغر، حاجی فیض الحسن، ملک افتخار احمد، افتخار بھٹی، مہر محبوب، ہمایوں اقبال ، یعقوب ڈار، ندیم قادر، چودھری جمیل ، ڈاکٹر ماجد درانی، چودھری مظہر نت، ملک ریاض، صفدر بھٹی، رشید گجر، نواز ریحانیہ اور مرزا مدثر بیگ سمیت دیگر ناظمین اور کارکن موجود تھے۔ ثناءنیوز کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے مولانا محمد حنیف جالندھری اور جامعہ اسلامیہ بنوری ٹا¶ن کی انتظامیہ کو فون کیا۔ مولانا مفتی عبدالمجید دینپوری اور ان کے رفقاءکے جاںبحق ہونے پر تعزیت کی۔

ای پیپر-دی نیشن