• news

دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے میں مدد ملی‘ کوئی حکومت یوتھ فیسٹیول ختم نہیں کر سکے گی : رانا مشہور


لاہور (حافظ محمد عمران) پنجاب یوتھ فیسٹیول سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے میں بہت مدد ملی۔ ریکارڈ قائم کرنے والے کھلاڑیوں کو انعام نہ ملنے کا گلہ بجا ہے۔ یہ کھلاڑی ہمارے ہیروز ہیں اور بہت جلد یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس میں انعامات دیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سپورٹس آرگنائزر پنجاب اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے وقت نیوز کے پروگرام ”گیم بیٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ حکومت تبدیل بھی ہو جائے تو یوتھ فیسٹیول جاری رہے گا ۔ اب کوئی حکومت ختم نہیں کر سکتی ۔ دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان میں کھیلوں کا پرامن انعقاد ممکن ہے، آئندہ ہم 126 ممالک کے اتھلیٹس کو شامل کر کے دکھائیں گے۔ کھلاڑیوں کو سرکاری محکموں اور سپورٹس سے متعلقہ اداروں میں ملازمتیں دینے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو شفاف طریقے سے پی سی ایس کی طرز پر نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کا طریقہ کار وضع کرے گی۔ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ہم نے سپورٹس ایسوسی ایشنز کو ساتھ لے کر چلنے کی پوری کوشش کی ہے مگر ان کے درمیان باہمی اختلافات زیادہ ہیں۔ جن ملکوں میں کھیلوں نے ترقی کی ہے وہاں سال میں تین تین فیسٹیول ہوتے ہیں۔ سپورٹس کلچر کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہے ہیں۔پسند و ناپسند کی بنیاد پر ٹیلنٹ ضائع نہیں ہوگا۔ ہمارا کام سہولتیں فراہم کرنا اور نظام کو بہتر بنانا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن