بھارت کا مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کا اعلان‘ پاکستان ہماری تشویش‘ احساسات ملحوظ رکھے: سلمان خورشید
نئی دہلی + سرینگر (آن لائن + اے پی اے + آئی این پی + ثناءنیوز) بھارت نے پاکستان کیساتھ مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی سے مذاکرات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے پڑوسی ملک کیساتھ بات چیت میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں تاہم مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے درست ماحول ناگزیر ہے اور اس کیلئے مناسب وقت کا انتظار ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہم پاکستان کیساتھ مسئلہ کشمیر پر بات چیت پر سنجیدگی کیساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں لیکن ہماری تشویش اور احساسات کو مدنظر رکھنا آگے بڑھنے کی پہلی شرط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر سمیت تمام دوطرفہ معاملات پر گفت و شنید کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ۔ اہم بات یہ ہے کوئی بھی رابطہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کنٹرول لائن پر حالیہ تناﺅ اور کشیدگی کے بعد جیسے دونوں ملکوں کے ڈی جی ملٹری آپریشنز اور دونوں اطراف فلیگ کمانڈرز کے رابطے ہوئے ہیں ٹھیک اسی طرح درست ماحول میں دیگر رابطے بھی ہو سکتے ہیں۔ امن اور مذاکراتی عمل میں دونوں ممالک کو انتہائی محتاط اور مناسب انداز میں آگے بڑھنا ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا جامع مذاکراتی عمل کی بحالی کیلئے بھارت نے کوئی شرط عائد نہیں کی لیکن اس کیلئے ترجیحات طے کرنا ہوں گی کہ کس طرح بات چیت کو م¶ثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔