• news

دانش سکولز پروگرام پر تنقید پرویز الٰہی کا ذہنی دیوالیہ پن ہے: رانا ثناءاللہ

لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی پنجاب حکومت کے دانش سکولز پروگرام پر تنقید کر کے درحقیقت اپنے ذہنی دیوالیہ پن کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں تعلیمی شعبے کو جس بری طرح سے نظرانداز کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ چودھری برادران کا تعلق معاشرے کے اس مخصوص طبقے سے ہے جو نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ اسی لئے انہیں دانش سکولز پروگرام ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ پنجاب کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ دانش سکولز سسٹم معاشرے کے محروم معیشت طبقات کے لئے معیاری درسگاہیں ہیں لیکن نہ جانے کیوں پرویز الٰہی کو دانش کسی طور راس ہی نہیں۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی اینڈ کمپنی نے پانچ برسوں تک ایک آمر کی پشت پناہی سے پنجاب کے وسائل کو جس طرح سے لوٹا وہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ انہیں اپنی طرح ہر ایک میں نقائص ہی نظر آتے ہیں۔ سفارش اور اقرباپروری کی بدترین مثالیں ق لیگ کے دور حکومت میں قائم کی گئیں۔ سرکاری محکموں اور بنکوں سے قرضوں کی لوٹ سیل لگا دی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن