صوبائی حکومتیں عوام کو سستے اور معیاری آٹا کی فراہمی یقینی بنائیں: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) اردن، سری لنکا اور ماریشس کے لئے پاکستان کے نامزد سفیروں لیفٹننٹ جنرل (ر) احسن اظہر حیات، میجر جنرل (ر) قاسم قریشی اور میجر جنرل (ر) الفت حسین شاہ نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے نامزد سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں موجود پاکستانی برادری کے ساتھ روابط کو بڑھایا جائے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم جانی و عالمی قربانیاں دی ہیں جن کی مناسب تشہیر نہیں ہوئی۔ انہوں نے سفیروں سے کہا کہ وہ مقامی میڈیا کے ساتھ رابطہ میں رہیں اور اسے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے کردار کے بارے میں بتایا جائے۔ وزیراعظم سے مراکش کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مراکش کے لئے ہمارے دل میں خصوصی جگہ اور احترام ہے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات آغا ندیم نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی کے لیے پرعزم ہے پاکستان میں میڈیا ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے۔ بدلتے ہوئے حالات میں میڈیا کی فوری اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سیکرٹری اطلاعات کو ان کی ترقی اور سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ مشکل ذمہ داریاں ہیں اور مجھے اعتماد ہے کہ آپ حکومت کی کامیابیوں کو بہتر انداز میں عوام کے سامنے لا سکیں گے۔ وزیراعظم نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم میڈیا کی آزادی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ نجی میڈیا کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے انہیں مزید سہولیات فراہم کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک طویل آمریت کے دور کے بعد پاکستان مین میڈیا ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے۔ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات میں میڈیا کی فوری اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دریں اثناءوزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ملک بھر میں آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات کے بعد تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو سستے اور معیاری آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کی شکایات کا سخت نوٹس لیا۔ اس حوالے سے چاروں صوبائی حکومتوں کو مراسلہ ارسال کیا جس میں انہیں ہدایت کی گئی کہ صوبائی حکومتیں عوام کو آٹے کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ آٹے کی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو فوری طور پر احکامات جاری کریں کہ آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں اور قیمتوں میں اضافہ کرنے والے منافع خوروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔ ملک میں گندم کی کوئی قلت نہیں ہے۔ ملک میں گندم کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ صوبائی حکومتیں قانون کے مطابق گندم کی فراہمی کے انتظامات مو¿ثر بنائیں اور عوام کو سستا اور معیاری آٹا فراہم کیا جائے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے خضدار میں شہید ہونے والے صحافی عبدالحق بلوچ کی بیوہ کو ہفتہ کے روز دس لاکھ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعظم نے کہا عام آدمی کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے سالانہ ترقی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ حکومت سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات کی یکساں ترقی کے لئے فنڈز استعمال کر رہی ہے وہ ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کر رہے تھے۔