ینگ ڈاکٹرز کا کل سے بھوک ہڑتال کا اعلان، احتجاج جاری
لاہور + فیصل آباد (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) ینگ ڈاکٹرز نے 4 فروری سے مطالبات کے حق میں تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سروسز ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائےگا، علامتی بھوک ہڑتال نہیں ہو گی اگر کوئی ڈاکٹر انتقال کر گیا تو حکومت پنجاب کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ ہڑتالی کیمپ کی تاریخ کا اعلان فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ادھر ےنگ ڈاکٹرز کی ہڑتال 19ویں روز میں داخل ہو گئی۔ محکمہ صحت پنجاب نے مذاکرات کی بجائے خاموشی اختیار کر لی ہے جس سے مریضوں کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے کیونکہ محکمہ صحت کی سردمہری کے سبب آﺅٹ ڈورز کے باہر کیمپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جو مریض ینگ ڈاکٹرز کے کیمپوں میں چیک ہو رہے ہیں ان کو سرکاری فارمیسی سے ادویات نہیں مل رہی۔