بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری، کاروبار ٹھپ، پانی بھی غائب، شہری سراپا احتجاج
لاہور (نیوز رپورٹر + نامہ نگاران) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5880 میگا واٹ رہا۔ لاہور میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی۔ گیس بھی بند رہی، لاہور کے علاقوں میں میسن روڈ، شاہراہ مجید نظامی، مزنگ، اقبال ٹاﺅن، چونگی امرسدھو، ملتان روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بجلی کے ساتھ اکثر علاقوں میں گیس پریشر بھی بہت کم رہا۔ جلالپور بھٹیاں میں کاروبار زندگی ٹھپ ہو گئے ، کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ پنڈی بھٹیاں میں لوڈ شیڈنگ سے لوگ پریشان ہیں۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ قیام پور فیڈر پر 16سے 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باعث اس فیڈر کے صارفین نے ہاﺅسنگ کالونی میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق لوڈ شیڈنگ سے سینکڑوں پاور لومز فیکٹریاں بند ہو گئیں جبکہ ہزاروں مزدور بے روزگار ہو کر رہ گئے۔