• news

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ : قومی ٹیم نیوزی لینڈ سے بھی ہار گئی‘ آسٹریلیا‘ انگلینڈ ‘ ویسٹ انڈیز کامیاب

ممبئی+ کٹک (سپورٹس ڈیسک+ اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ، انگلینڈ نے بھارت اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو شکست دے دی۔ گروپ بی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے 188 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے ہدف 45.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ گروپ اے کے میچ میں بھارتی ٹیم انگلینڈ ویمن کی طرف سے دیا گیا 273 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز سکور کر سکی۔ ویسٹ انڈیز نے 368 رنز بنائے، سٹیفنی ٹیلر نے 171 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، پاکستانی ویمن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 ویں اوور میں 104 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، اسماویہ اقبال 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، ریشل کینڈی نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ نیوزی لینڈ ویمن نے 105 رنز کا آسان ہدف 30 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، کپتان سوزی بیٹس نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ریشل کینڈی کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ گرین شرٹس کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔ پاکستان اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ کل جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔ سپر سکس سٹیج تک رسائی کے لئے گرین شرٹس کو یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔کل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ، گروپ اے میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز ،گروپ بی کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ نبرد آزما ہوں گی، دونوں ٹیمیں پہلے دونوں میچز ہار چکی ہیں، جو بھی ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ سپر سکس کے لئے کوالیفائی کر لے گی۔ گروپ اے میں بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں برابرن سٹیڈیم، ممبئی میں مد مقابل ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن