جوہانسبرگ ٹیسٹ:480 رنز کا ہدف ‘ پاکستان کے 183 پر 4 آﺅٹ
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی۔ 480 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی 105 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں۔ جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز 275 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ اے بی ڈویلیئرز 103 رنز ناٹ آﺅٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ پیٹرسن نے 27، کپتان گریم سمتھ 52، جیک کیلس 7 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ہاشم آملہ 74 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ عمر گل نے دو جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم کا دوسری ننگز میں بھی آغاز تباہ کن تھا۔ صرف 7 رنز کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ 2 رنز بنا کر فلینڈر کی گیند پر وکٹ کیپر ڈویلیئرز کو کیچ تھما بیٹھے۔ 64 کے مجموعی سکور پر ناصر جمشید بھی 46 رنز بنا کر سٹین کا نشانہ بن گئے۔ 70 کے مجموعی سکور اظہر علی 18 رنز بنا کر کیلس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 82 کے سکور پر یونس خان بھی مورکل کی گیند پر وکٹ کیپر ڈویلیئرز کو کیچ تھما بیٹھے۔ آخری خبر آنے تک کپتان مصباح الحق 44اور اسد شفیق 53 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔ قومی ٹیم کے مجموعی طور پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنا لئے تھے۔ سٹین، فلینڈر، مورکل اور کیلس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 253 اور پاکستان نے پہلی اننگز میں 49 رنز بنائے تھے۔ آج میچ کا چوتھا روز ہے۔