یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جائیگا‘ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے : وزیراعظم
لاہور + اسلام آباد + مظفر آباد (خصوصی نامہ نگار + خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر + نمائندگان) ملک بھر سمیت مقبوضہ اور آزاد جموں کشمیر میں (آج) 5 فروری بروز منگل کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر تمام بڑے و چھوٹے شہروں میں سیاسی، دینی، مذہبی، عوامی، سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلیاں منعقد کی جائیں گی اور انسانی ہاتھوں کی رنجیریں بھی بنائی جائیں گی، مقبوضہ و آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی جبکہ تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور سرکاری سکولوں کے ساتھ پرائیویٹ سکولوں اور کالجوں میں بھی چھٹی ہو گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آج تمام بڑے و چھوٹے شہروں میں سیاسی، دینی، مذہبی عوامی، سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ آج صبح کا آغاز نماز فجر کے وقت کشمیر کی آزادی، پاکستان کے استحکام، ملکی سلامتی، عالم اسلام کی سربلندی، کشمیری و پاکستانی عوام کی خوشحالی، مستقل بنیادوں پر امن کے قیام، اخوت و یگانگت اور بھائی چارے کی فضا کے فروغ کی خصوصی دعاﺅں سے کیا جائے گا۔ صبح 10 بجے تمام شہروں میں سائرن بجائے جائیں گے اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے سمیت ان کے ورثاءسے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی جبکہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے آزاد جموں کشمیر کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف، (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، نائب وزیراعظم پرویز الہی، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی جنوبی ایشیا میں امن قائم ہو گا، پاکستان کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے میں امن و ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس ہو گا جبکہ پاکستان کو ملانے والی شاہراﺅں کوہالہ، برارکوٹ ،میرپور منگلاکے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر یوم یکجہتی کشمیر کا مثالی مظاہرہ کیا جائے گا۔ انسانی ہاتھوں کی زنجیروں کی مثالی تقریبات میں آزاد کشمیر اور صوبائی وزراءسمیت تمام سیاسی سماجی مذہبی مکاتب فکر کے زعماءشرکت کریں گے ۔ کشمیر کارواں لاہور میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام نیلا گنبد سے مسجد شہداءمال روڈ تک نکالاجائے گا جبکہ جماعةالدعوة کی طرف سے لاہور کی طرح فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، ساہیوال، ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ ، پشاور، مظفرآباد سمیت پورے ملک میں کشمیر کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا، نیلا گنبد سے مسجد شہداءمال روڈ تک ہونے والے دفاع پاکستان کونسل کے کشمیر کارواں کے اختتام پر ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ دریں اثناء یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹرز سمیت ضلع کے قصبوں، تعلیمی اداروں میں تقریبات کا انعقاد ہو گا اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو قراردادیں پیش کی جائیں گی سب سے بڑی تقریب ضلع کونسل ہال کوٹلی میں منعقد ہو گی جہاں 9:45 بجے سائرن بجنے پر خاموشی اختیار کی جائے گی۔ صدر آصف علی زرداری نے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے انہیں ایک بار پھر یقین دلایا ہے کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل تلاش کرنے کے لئے اپنے پختہ عزم پر کاربند رہے گا۔ پاکستان اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ جائز نصب العین کے لئے مقامی جدوجہد کو طاقت کے استعمال، جبر اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذریعے کبھی بھی دبایا نہیں جا سکتا۔ وزیر اعظم راجہ پروےز اشرف نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کے درمےان مذاکرات کا عمل بلاتعطل جاری رہنا چاہئے تاکہ تمام دےرےنہ مسائل بالخصوص مسلہ کشمےر کو حل کےا جا سکے ۔ حق خودارادیت کی جدو جہد میں کشمیریوں نے بڑی قربانیاں دیں۔ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، کشمیر کاز کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور انشاءاللہ ایک ایسا 5 فروری بھی آئے گا جب مسئلہ کشمیر، اہل کشمیر کی خواہشات اور توقعات کے مطابق حل ہو چکا ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیگر تنازعات کے حل کی راہ بھی کھلے گی اور خطے میں امن و امان کے ماحول میں دونوں ملکوں کے وسائل کا غالب حصہ قومی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے ہر دور میں مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر و تشدد اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی ہے۔ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ہر ملکی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا اور آج بھی مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے معاملے میں پارٹی کا موقف واضح ہے۔ علاوہ ازیں جماعة الدعوة آج ملک بھر میں ضلعی سطح پر کشمیر کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کرے گی۔ تمام تر تیاریاں و انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں امیرجماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر امارت گذشتہ روز مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعةالدعوة کے مرکزی ذمہ داران کا ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں کراچی سے پشاور تک ملک کے کونے کونے میں ہونے والے جلسوں، کانفرنسوں اور کشمیر کارواں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ دنیا کو ایک مضبوط پیغام دیا جاسکے۔کشمیری مسلمانوں کی ہر طرح سے مددکریں گے انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑا جائے گا۔ علاوہ ازیں سنی جہاد کونسل اور پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام آج صبح یکجہتی کشمیر ریلی مسلم مسجد سے پریس کلب تک نکالی جائے گی۔ ادھر خرابی موسم کی وجہ سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا دورہ مظفر آباد اور کشمیری کونسل اور قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کا پروگرام ملتوی کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں آزاد جموں کشمیر کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان اور بھارت کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ دونوںملک انہیں اپنا مستقبل طے کرنے کے لیے اپنا حق استعمال کرنے کی اجازت دے کر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ پاکستان اور بھارت دوراہے پر کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی اصولی موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے پرعزم ہے ۔ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی امداد جاری رکھیں گے۔ مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوز کو طے کرنے کیلئے زیادہ سیاسی مہارت بروئے کارلانے کی ضرورت ہے مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائندار امن کیلئے کنجی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اجلاس میں کشمیر کی جدوجہد آزادی میں جان کی قربانی دینے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ شجاعت حسین اور پرویز الہی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ اپنے مقصد میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نہ صرف پاکستان اور بھارت کے مابین دیرپا دوستانہ تعلقات کیلئے ضروری ہے۔ علاوہ ازیں امیر مولانا سمیع الحق نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ آج (5 فروری) کو یوم کشمیر کے موقع پر ملک گیر دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پروگراموں ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں۔ پوری قوم اپنے گھروں سے نکل کر حکمرانوں کو آگاہ کریں کہ انڈیا ہمارا دوست نہیں دشمن ہے۔ علاوہ ازیں مرکزی جمعیت اہل حدیث کے زیر اہتمام آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائیگا اور ریلیاں، مظاہرے اور سیمینار منعقد ہونگے۔ علاوہ ازیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اہل سنت والجماعت آج ملک بھر میں جلوس سیمینار اور مظاہرے کرے گی اور دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام کشمیر ریلی میں آج بھرپور شرکت کی جائے گی۔ جماعت اسلامی کی اپیل پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی منایا جائیگا اور لاہور سمیت کئی شہروں میں ریلیاں اور ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی۔