• news

پیپلز پارٹی، ق لیگ کا مسلم لیگ ن کیخلاف انتخابی حکمت عملی بنانے پر اتفاق

لاہور (فرخ سعید خواجہ) پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) نے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کو شکست دینے کے لئے متفقہ حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے چار بڑوں نے اتفاق کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو انتخابات میں شکست دینا جمہوری نظام کے استحکام کے لئے ضروری ہے بالخصوص پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کو شکست دینے کے لئے نہ صرف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گی بلکہ دیگر ہمخیال جماعتوں سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، صدر مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین اور مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات میں طے پایا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) میں پہلے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے طے شدہ اصولوں پر عمل کیا جائے گا، دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے بندے اپنی جماعت میں شامل نہیں کریں گی۔ قومی و صوبائی اسمبلی کی جن نشستوں پر پیپلز پارٹی اور جہاں مسلم لیگ (ق) کے امیدوار 2008ءمیں کامیاب ہوئے تھے۔ ان حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ان ہی جماعتوں کے امیدوار لائے جائیں گے تاہم جہاں سے رکن اسمبلی اپنی وفاداریاں تبدیل کر چکے ہیں وہاں امیدوار لانے کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 105 گجرات اور اس طرح کے دیگر چند حلقوں میں امیدواروں کا فیصلہ بھی باہمی مشورے سے کیا جائے گا۔ چار بڑوں میں طے پایا کہ آئندہ آپس میں پیدا ہونے والے چھوٹے موٹے تحفظات کو فوری طور پر دور کرنے کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم راجہ پرویز الٰہی آپس میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چاروں بڑوں نے مولانا فضل الرحمن اور پیر صاحب پگاڑا صاحب سے جلد ملاقات کر کے انہیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر آمادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ادھر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی دعوت پر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی، مشاہد حسین سید، کامل علی آغا اور چودھری مونس الٰہی پر مشتمل پانچ رکنی وفد نے پیر کو وزیراعظم سے مذاکرات کئے جو رات گئے تک جاری رہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن