• news

بارش، برفباری جاری، لاہور میں چھت گرنے سے محنت کش چچا، بھتیجا جاں بحق

لاہور + ہری پور (اپنے نمائندے سے + سٹی رپورٹر + خبرنگار + نوائے وقت رپورٹ) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے چھت گرنے اور نالے میں بہنے سے چچا، بھتیجا سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سوات شانگلہ سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ یخ تنگی کے مقام پر درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ چترال میں سکول بند کردیئے گئے ۔ دفاتر میں حاضری کم رہی ، مری میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، سیاح دن بھر مزے لوٹتے رہے، خیبر پی کے کے بالائی علاقوں اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹے تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ بارشوں سے موسمی بیماریوں میں کمی آئےگی۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، پشاور، خیبر پی کے، کراچی لاہور اور کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، کوئٹہ میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکیں زیرآب آگئیں۔کوئٹہ، قلات، زیارت ، دالبندین، مستونگ ، ژوب میں شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، ہرنائی میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آنے سے قومی شاہراہ ٹریفک کےلئے بند ہوگئی ہے۔ چترال میں ایک فٹ جبکہ اطراف میں 3 سے 4 فٹ برف پڑی، ادھر لاہور میں دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوتی رہی اوریہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ لاہورکے علاقہ نواں کوٹ میں کچے مکان کی چھت گرنے سے چچا بھتیجا جاں بحق ہو گئے۔ اہل علاقہ کے مطابق 50 سالہ نواز اپنے جواں سالہ بھتیجے نذیر کے ہمراہ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔ نذیر تین بچوں اور نواز دو بیٹوں کا باپ تھا اور یہ اپنے گھروں کے واحد کفیل تھے اور ساہیوال سے محنت مزدوری کیلئے لاہور آئے ہوئے تھے اور موچی کا کام کرتے تھے۔ کراچی میں بارش کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ بارش کی وجہ سے شہر کی سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں۔ شہریوں کے مطابق ژالہ باری 20یا 25 سال بعد ہوئی ہے۔ ہری پور میں سرائے صالح کے قریب تلوکہ کے برساتی نالے میں شدید طغیانی کے باعث 2 عورتوں اور 2 بچوں سمیت 6 افراد بہہ گئے ہیں۔ جنکی تلاش رات گئے تک جاری رہی تاہم کوئی سراغ نہ مل سکا۔ خراب موسم کے باعث پروازوں کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پی آئی اے کی پرواز کا رخ لاہور موڑنا پڑا۔ وفاقی وزیر خورشید شاہ بھی اس میں سوار تھے۔ بیرون ملک آنیوالی اور جانیوالی پروازوں میں دو سے 9 گھنٹے تک تاخیر ہوئی جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیروزوالہ روڈ پر بجلی کے کھمبے میں بارش کے باعث کرنٹ آ گیا جس کی وجہ سے گزشتہ روز وہاں سے گزرنے والے عامر اور راشد کے گدھے اور امان اللہ کا گھوڑا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گئے۔ اس دوران گھوڑے اور گدھوں کو بچانے کی کوشش کرنے والے نسیم، عبدالرحمان، امانت، حفیظ، عامر اور راشد کو بھی کرنٹ کے جھٹکے لگے تاہم جانوروں کی ہلاکت پر مالکان اور اہل علاقہ نے گیپکو کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

ای پیپر-دی نیشن