• news

ملکی مسائل کی ذمہ دار جمہوریت نہیں اسے چلانے والا کرپٹ ٹولہ ہے : شہبازشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ لیپ ٹاپ اور اجالا پروگراموں کے لئے اربوں روپے کی رقم اخراجات نہیں بلکہ نوجوانوں پر کی جانے والی سودمند سرمایہ کاری ہے۔ ہم نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے پروگرام اس وقت شروع کئے جب ان کے نعرے لگانے والے بیرون ملک سیرسپاٹے کررہے تھے۔ اگر پاکستان میں اربوں روپے کے ڈاکے نہ ڈالے جاتے تو آج ہر طالب علم کو لیپ ٹاپ مل جاتا۔ اجالا پروگرام کے ذریعے زرداری کے پھیلائے ہوئے اندھیروں کے خلاف جنگ کریں گے۔ ہمارے ملک کو آج جو بیشمار مسائل کا سامنا ہے اس کی ذمہ دار جمہوریت نہیں بلکہ اسے چلانے والے ہیں۔ وہ گزشتہ روز جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونہار طلباوطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہا کہ قوم کے بیٹے اور بیٹیاں میرے لئے برابر ہیں جو بھی آگے بڑھتاہے مجھے خوشی ہوتی ہے۔ پنجاب میں فروغ تعلیم اور سماجی ترقی کے لئے جتنے بھی پروگرام شروع کئے گئے ہیں ان میں کوئی ایک پائی کی کرپشن ثابت کردے تو میرا گریبان عوام کے ہاتھ میں اور میںاللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہوں گا۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام میں میرا بھی کوئی کوٹہ یا صوابدیدی اختیار نہیں اور میں بھی کسی طالب علم کو ایک لیپ ٹاپ دینے کا بھی اختیار نہیں رکھتا۔ گزشتہ سال اسلام آباد کی یونیورسٹیوں او رکالجوں کے طلبا وطالبات کو لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پروگرام میں شامل نہیں کیاگیاتھا۔ اس سال ان تعلیمی اداروں کے ہونہار طلبا وطالبات کو پروگرام میں شامل کرکے ازالہ کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کنونشن سینٹر سے ایک کلو میٹر دور بڑے بڑے دفاتر اور پہاڑوں میں گھرے ہوئے بنگلوں میں اربوں کھربوں کی بندربانٹ ہورہی ہے۔ اگر قومی دولت نہ لوٹی جاتی او رکرپشن کا بازار گرم نہ کیاجاتاتو آج ملک اندھیروں میں نہ ڈوباہوتا۔ صنعتیں بند نہ ہوتیں اور ملک میں غربت اور بیروزگاری نے ڈیرے نہ ڈالے ہوتے۔ زرداری اور اس کے حواریوں کی کرپشن نے زراعت، صنعت سمیت تمام شعبوں کو تباہ کردیا ہے اور قومی معیشت کا جنازہ نکال دیاہے۔ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو تمام مسائل سے نجات دلائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے جتنے میگا پراجیکٹس اور ترقیاتی پروگراموں پر عملدرآمد کیاہے اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستانی قوم اور نوجوان اپنے ووٹ کے استعمال کے ذریعے ایسی قیادت سامنے لائیں۔تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے ہونہارطلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ علاوہ ازیںشہباز شریف نے کہا ہے کہ پونے تین ارب روپے کی خطیر لاگت سے راولپنڈی ڈویژن اور ملحقہ علاقوں کے عوام کے علاج معالجہ کے لئے 270بستروں کا بہترین ہسپتال بنایا گیا ہے۔اس ہسپتال سے خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لوگ بھی مستفید ہوسکیں گے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمدنوازشریف کی قیادت میں دیہی اور شہری علاقوں میں ریکارڈ میگا پراجیکٹس اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جن کی مثال ملک کی 65سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ راولپنڈی میں اربوں روپے کے فنڈز فراہم کرکے کئی ہسپتال،فلائی اورز اور سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی گئی ہے۔وہ گزشتہ روز راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔شہبازشریف نے کہاکہ پونے تین ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے جدید ترین راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بہترین اور جدید تشخیصی مشینری نصب کی گئی ہے اور اوپن ہارٹ سرجری انجئیوگرافی، امراض قلب کے علاج کے لئے عالمی معیار کی سہولتیں، ماہر ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ طبی عملہ مہیا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں تمام ہسپتالوں سمیت جتنے بھی میگا پراجیکٹس تعمیر کئے گئے ہیں ان کی دیکھ بھال ،تحفظ اور معیار کو برقرار رکھنے پر پوری توجہ دی جائے گی تاکہ ان اداروں او رمنصوبوں سے عوام تسلسل کے ساتھ مستفید ہوتے رہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے آئی سی یو یونٹ، وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹکی تعمیر کے دوران محنت، دیانت اور امانت سے دن رات کام کر کے نئی تاریخ رقم کی گئی ہے-پاکستان کی تاریخ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کا عظیم الشان منصوبہ عز م و ہمت کی لازوال داستان ہے جسے ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا-ےہ منصوبہ پاکستان اور اس کے عوام کے لئے انمول ، منفرد اورعظیم تحفہ ہے اور پوری قوم کے لئے ایک فخر کی حیثیت رکھتا ہے-منصوبے پر دن رات سخت سردی اور گرمی میں کام کرنے والے مزدور وں کی محنت لائق تحسین ہے اور تمام اداروں ،ٹھیکیداروں اور مزدوروں نے مل کر عوام کے لئے ایک شاہکار تعمیر کیاہے-وزیراعلی نے میٹروبس کے عظیم الشان عوامی پراجیکٹ پر دن رات کام کرنے والے مزدوروںکی خدمات کے اعتراف کے لئے ان میں ایک کروڑ روپے کا نقد انعام تقسیم کرنے کا اعلان کیا، وہ ماڈل ٹاﺅن میں میٹروبس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعلی نے کہاکہ 10فروری کو میٹروبس سروس کاشاندار افتتاح کیاجا رہا ہے-میٹرو بسیں رواں دواں ہونے کے بعد عام آدمی کوباکفایت،آرام دہ ،جدید اور تیز رفتار سفری سہولیات میسرآئیںگی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک انقلاب برپا ہوگا۔ انہوںنے ہدایت کی کہ افتتاحی تقریب کے انتظامات پروقار اورسادہ رکھے جائیں جبکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں-وزیراعلی نے کہاکہ 10فروری کو افتتاحی تقریب کے دوران ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے جائیں تا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے ملالہ یوسف زئی کی کامیاب سرجری پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ملالہ یوسف زئی اور ان کے والدین کے نام نیک تمناﺅں کے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملالہ کی صحت میں روز بروز بہتری پوری پاکستانی قوم کے لئے باعث اطمینان ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قوم کی بیٹی کو جلد مکمل صحت یاب کرے۔

ای پیپر-دی نیشن