• news

اللہ نے مجھے نئی زندگی دی، امن کیلئے دوبارہ قربانی کیلئے تیار ہوں: ملالہ

برمنگھم (نوائے وقت رپورٹ) ملالہ یوسفزئی نے آپریشن کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خدا نے مجھے نئی زندگی دی میں عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں، آج میں لوگوں کی دعاﺅں کی وجہ سے زندہ ہوں۔ انہوں نے کہا لڑکیوں اور بچوں کی تعلیم کے لئے ملالہ فنڈ قائم کیا اللہ نے دوسری زندگی دی، جس کو لڑکیوں کی تعلیم کے لئے وقف کرنا چاہتی ہوں کیونکہ میری صحت کے لئے ہر عورت اور ہر بچے نے دعا کی، عوام کی دعاﺅں سے مجھے اللہ نے نئی زندگی عطا کی، اب انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی ہوں، میں چاہتی ہوں ہر بچہ، ہر لڑکی تعلیم یافتہ ہو، ملالہ نے میڈیا سے گفتگو کی تو گولی کے اثرات کے باعث بولنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑا مگر ملالہ نے کہا میری طبیعت میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔ ملالہ کا کہنا ہے دوبارہ اپنی قربانی دینے کے لئے تیار ہوں۔ ملالہ یوسف زئی نے آپریشن کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشتو، اردو اور انگریزی میں بات چیت کی۔ انہوں نے کہا انسانیت اور امن کیلئے میں اپنی زندگی ایک بار پھر قربان کرنے کو تیار ہوں، میرے خیالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اپنی زندگی لوگوں کی بھلائی کیلئے گزارنا چاہتی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن