• news

جنوبی افریقہ کیلئے ٹیم کا انتخاب میرٹ پر نہیں ہوا : صادق محمد

لاہور (چودھری اشرف/سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بدترین شکست پر سابق کپتان صادق محمد نے کہا کہ اہم دورہ کے لئے منتخب ہونے والی ٹیم میرٹ پر نہیں، معیار سے زیادہ سفارش پر کھلاڑیوں کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔ ”نوائے وقت“ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے پاکستان ٹیم کے خلاف مضبوط حکمت عملی بنا رکھی ہے جس کا اندازہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بخوبی ہو گیا۔ عرصہ دراز سے پاکستان ٹیم بیٹنگ کے شعبہ میں ناکام چلی آ رہی ہے جس کے لئے بیٹنگ کوچ کا ہونا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی بیٹنگ جس برے طریقے سے ناکام ہوئی انتہائی شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے اگر بیٹنگ کے شعبہ میں خامیوں پر قابو پایا تو دوسرے ٹیسٹ میں قدرے اچھے کھیل کا مظاہرہ کر سکتی ہے لیکن یہ کہنا کہ وہ سیریز جیت سکے گی غلط فہمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ با¶لنگ کے شعبہ میں تنویر احمد اور راحت علی کا انتخاب بھی حیران کن لگتا ہے کیونکہ بھارت کے دورہ پر متاثر کن با¶لنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد عرفان کو نہ کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنویر احمد اور راحت علی کو کس کارکردگی پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، اس کے بارے میں کوئی نہیں جانتا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ان دونوں با¶لرز سے اچھی کارکردگی دکھانے والے با¶لرز کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ بیٹنگ کوچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کئی سابق تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جن میں انضمام الحق، جاوید میانداد، محمد یوسف و دیگر شامل ہیں، اگر انہیں بیٹنگ کے شعبہ میں بہتری لانے کی ذمہ داری دی جائے تو یقینا بہتری آ سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن