نیزہ بازی اور گھوڑ سواری کے بین الاقوامی مقابلے 8 فروری سے فیصل آباد میں شروع ہونگے
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 8تا 12 فر وری بین الاقوامی نیزہ بازی اور گھڑ سواری کے مقابلے ہوں گے۔ پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں بھارت‘ برطانیہ‘ جنوبی افریقہ اور دیگر ملکوں کے شاہسوار اپنے گھوڑوں کے ہمراہ حصہ لیں گے۔ یونیورسٹی کے جیل روڈ پر واقع ریس کورس گراﺅنڈ میں بین الاقوامی مقابلہ جات کے لئے حتمی تیاریاں مکمل کر لی گئیں جبکہ بیرونی ممالک سے ٹیمیں کل 6 فروری سے پہنچنا شروع ہو جائیں گی۔ بین الاقوامی نیزہ بازی مقابلوں میں 30 سے زائد غیرملکی شاہسوار اور کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ پاکستان کے تمام علاقوں سے 100 سے زائد ٹیمیں ان عالمی مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی زیر سرپرستی اہم ترین ایونٹ کے چیف آرگنائزر ملک نعیم احمد اعوان اور آفاق ٹوآنہ ہیں جبکہ چیف کو آرڈینیٹر یونیورسٹی کے پرنسپل آفیسر اسٹیٹ کیئر ڈاکٹر فاروق احمد ہیں۔ مقابلوں میں حصہ لینے کے خواہشمند لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 6 فروری تک اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیں جبکہ 8فر وری صبح 9 بجے تک رپورٹ نہ کرنے والی ٹیموں کو مقابلوں میں حصہ نہیں لینے دیا جائے گا۔