گوجرانوالہ: پولیس تشدد سے اقدام قتل کا ملزم ذہنی توازن کھو بیٹھا، میڈیکل کرانے کا حکم
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پولیس تشدد سے اقدام قتل کا ملزم ذہنی توازن کھوبیٹھا، علاقہ مجسٹریٹ نے میڈیکل کروانے کا حکم دیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ غازی آباد کا شکیل احمد کو چوکی کلر آبادی پولیس نے ہمسائے عبدالعزیز کو فائر مار کر زخمی کرنے کے مقدمہ میں پانچ روز قبل گرفتار کیا اور وحشیانہ روائتی تشدد کا نشانہ بنایا۔ گزشتہ روز پولیس ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کیلئے لائی جہاں پر ملزم شور ڈالنے کے علاوہ عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہا۔ ملزم کے والد محمد صدیق کا کہنا تھا کہ تھانہ باغبانپورہ کے ایس ایچ او ابرار حسین نے ذاتی عناد پر الٹا لٹکا کر تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے شکیل اپنا ذہنی توازن کھوبیٹھا ہے، عدالت نے پولیس کو ملزم کا فوری طبی معائنہ کرواکر دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔