نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ پر جدید ٹنل بورنگ مشین نے کام شروع کر دیا
اسلام آباد (خبرنگار) نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ پر جدید ترین ٹنل بورنگ مشین نے کام شروع کر دیا ہے۔ اس اہم پیش رفت کے ساتھ ہی پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو اپنے پن بجلی منصوبوں کی تعمیر میں اس جدید ترین مشین کا استعمال کر رہے ہیں۔ سٹریٹجک اہمیت کے حامل 969 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے پراجیکٹ کنسلٹنٹس کی سفارشات کی روشنی میں بین الاقوامی مسابقتی بولی کے ذریعے پراجیکٹ کے لئے 92 ملین ڈالر کی لاگت سے جرمن ساختہ دو ٹنل بورنگ مشینیں درآمد کی گئی ہیں جن میں سے ہر ایک کی قیمت 46 ملین ڈالر ہے۔ پراجیکٹ سائٹ پر دوسری ٹنل بورنگ مشین کی تنصیب بھی مکمل کی جا چکی ہے اور یہ مشین بھی اس ماہ کے آخر تک کام شروع کر دے گی۔