الیکشن کمشن کا خصوصی اجلاس آج طلب‘ شکایات پر اپوزیشن کو کل بلا لیا
اسلام آباد (خبر نگار) آئندہ انتخابات کی تیاریوں اور انتخابی اصلاحات کا جائزہ لینے سمیت کراچی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کیلئے الیکشن کمشن کا خصوصی جلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کرینگے جبکہ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمشن اور چاروں صوبائی ممبران شرکت کرینگے۔ اجلاس دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے چار سیشن ہونگے۔ اجلاس کے دوسرے سیشن میں بروز جمعرات دھرنے میں شرکت کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کے وفد کو بھی مدعو کیا ہے۔ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نوائے وقت نیوز) ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن افضل خان نے کہا ہے کہ انتخابات کی مانیٹرنگ بیوروکریٹس کرینگے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا الیکشن بیوروکریسی کی زیرنگرانی ہونگے جبکہ بدنام پولنگ سٹیشن ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیاسی جماعت سے وفاداری ثابت ہونے پر سرکاری افسر جیل جائے گا۔ مانیٹرنگ ٹیموں کو 500 کیمرے دیئے جائیں گے۔ مانیٹرنگ ٹیمیں رپورٹ الیکشن کمشن کو بھیجیں گی۔ انتخابات میں نااہلی کی سزا پر عملدرآمد ہو گا۔ 80 ہزار پولنگ سٹیشن کی نشاندہی کی گئی ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق اپوزیشن رہنماﺅں کی شکایات سننے کے لئے الیکشن کمشن نے انہیں بلا لیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن افضل خان نے کہا ہے الیکشن کمشن 7فروری کو اپوزیشن رہنماﺅں سے ملاقات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات کو سنا جائے گا۔