کراچی میں فیصل ایئربیس کے سامنے دستی بم کے 2 دھماکے‘ ایک شخص زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں پی اے ایف بیس شاہراہ فیصل فلائی اوور کے نزدیک دستی بموں کے دھماکوں سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ شاہراہ فیصل پر افراتفری مچ گئی اور فیصل بیس پر تعینات سکیورٹی الرٹ ہوگئی۔ اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے فضائیہ کے تمام ائر بیسز پر پہلے سے ہائی الرٹ ہے۔ کراچی میں فیصل ائر بیس کے سامنے فلائی اوور سے دو دستی بم پھینکے گئے جن سے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے نامعلوم شرپسندوں نے لگ بھگ شام سوا سات بجے دو دستی بم پھینکے۔ فلائی اوور کے آخری حصہ پر ایک راہگیر زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کیلئے جناح ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا۔ صورتحال مکمل طور پر سیکورٹی ادارون کے کنٹرول میں ہے اور وہ کلوز سرکٹ کیمروں سمیت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس واقعہ کی چھان بین کر رہے ہیں۔کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ لیاقت آباد میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ سی آئی ڈی پولیس نے سہراب گوٹھ اور کورنگی میں چھاپہ مار کر کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور دستی بم برآمد کر لئے۔ گرفتار ملزمان میں ایک انتہائی مطلوب ملزم تحسین محسود بھی شامل ہیں جبکہ بلال کالونی کورنگی میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم تحسین محسود نے کراچی میں طالبان عدالتوں کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے علاقوں سلطان آباد، اتحاد ٹاﺅن، منگھو پیر اور سہراب گوٹھ میں طالبان عدالتیں کام کر رہی ہیں۔