سی این جی بحران ڈاکٹر عاصم نے پیدا کیا، حکومت جاتے ہی ختم ہو جائیگا: غیاث پراچہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سنٹرل چیئرمین سپریم کونسل سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گیس کی قلت کمیشن مافیا نے جان بوجھ کر پیدا کی ہے، مخصوص افراد کو نوازنے اور کمیشن کی خاطر سی این جی سمیت دیگر کاروباری مراکز کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا گیا، عدالت سے حکم امتناعی لے کر اب تمام سی این جی سٹیشن کھولیں گے جبکہ مزاحمت کرنے والے سوئی گیس افسران کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ ڈویژن کے سی این جی مالکان سے مذاکرات اور پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ریجنل چیئرمین ندیم خان مرزا ہارون، عاطف صابر خان ‘ چودھری انجم ‘ رضا حمید و دیگر عہدیداران ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ غیاث پراچہ نے کہاکہ بحران کا ڈاکٹر عاصم ذمہ دار ہے، حکومت ختم ہوتے ہی اس پر متعدد مقدمات اور عدالتوں میں رٹ دائر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اربوں روپے کی لوٹ مار کرنے والے مختلف حکام جلد ملک سے فرار ہونے والے ہیں انہوں نے کہاکہ تمام سی این جی مالکان عدالت سے حکم امتناعی لےکر گجرات اور منڈی بہاوالدین کے سی این جی مالکان کی طرح اپنے سی این جی چلائیں۔ 10فروری کو پورے پاکستان میں احتجاج کی کال دیں گے اور سپریم کورٹ سے بھی رابطہ کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق غیاث پراچہ نے کہاکہ 16مارچ کے بعد حکومت کے جاتے ہی پورے ملک میں سی این جی کا کوئی ایشو نہیں رہے گا۔