ینگ ڈاکٹرز بھوک ہڑتالی کیمپ:18کی طبعیت ناساز،7 کو ایمرجنسی لیجایا گیا
لاہور(نیوزرپورٹر+ایجنسیاں)ینگ ڈاکٹرز کامطالبات کے حق میں سروسزاسپتال کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا ، بارش کے باوجود ینگ ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے رات کیمپ میں گزاری اور وقفے وقفے سے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی جاتی رہی ‘بھوک ہڑتالی کیمپ میں 7 ڈاکٹروں کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ایمرجنسی لیجایا گیا جبکہ مزید10ڈاکٹروں کی طبعیت ناساز بتائی جارہی ہے ۔ سیاسی جماعتوںکے نمائندوں کی طرف سے اظہار یکجہتی کے لئے آمد کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔ینگ ڈاکٹرز کے عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہڑتال مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت کےساتھ ڈاکٹروں کے سروس سٹرکچر اور ان کے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کے خاتمہ کے لیے ہے جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوں گئے بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے چاہے انہیں موت ہی کیوں نہ آجائے۔ ینگ ڈاکٹرز کے ترجمان کے مطابق کیمپ میں شریک 7ڈاکٹرزکی طبیعت خراب ہونے پر انہیں سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں داخل کروا دیا ہے۔گزشتہ روز بھی انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ، پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ سمیت پاکستان ٹریڈ ےونین کے نمائندوںنے ڈاکٹروںکے بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کر کے یکجہتی کا اظہار کیا ۔محکمہ صحت کی طرف سے ڈاکٹروں کو مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے مگر انہوں نے محکمہ صحت کو کیمپ میں آنے کی دعوت دی ہے۔ اے پی اے کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کیخلاف ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ، پنجاب بھر کے68ہزارینگ ڈاکٹرز آج اس سلسلے میں باضابطہ اعلان کرینگے، ینگ ڈاکٹرز ہر یونین کونسل کی سطح پر گھر گھر جاکر مسلم لیگ ن کیخلاف مہم چلائینگے۔