تیسرا جوہری تجریہ کیا تو نتائج بھگتنے پڑینگے: امریکہ‘ جنوبی کوریا کی شمالی کوریا کو دھمکی
واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے تیسرا جوہری تجربہ کیا تو وہ اسے کے مزید نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان خاتون وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس سلسلے میں جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب کم سنگ ہوان سے بات چیت کی ہے۔ وکٹوریا نولینڈ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اگر شمالی کوریا اپنا اشتعال انگیز رویہ جاری رکھتا ہے اور قدم آگے بڑھاتا ہے تو پھر اس کے مزید نتائج برآمد ہوں گے۔ امریکہ نے اس سے پہلے بھی شمالی کوریا کو تنبیہ کی تھی اور کہا تھا کہ اگر اس نے جوہری تجربہ کیا تو یہ ایک بڑی غلطی ہو گی۔