”کرگل آپریشن“ قومی مجرم مشرف کیخلاف کارروائی کی جائے: رہنما مسلم لیگ (ن)
مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے رہنماﺅں زاہد لون، فاروق گھمن اور مرزا عنایت بیگ نے کہا ہے کہ گھر کے بھیدی نے ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے چہرے سے نقاب اتار کر بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ جنرل (ر) شاہد عزیز کے بیانات سے یہ ثابت ہو گیا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے کرگل میں ایڈونچر کا واحد مقصد اعلان لاہور کو سبوتاژ کرکے میاں محمد نواز شریف کی منتخب عوامی حکومت پر شب خون مارنا تھا تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف پیشرفت نہ ہو سکے۔ انہوںنے کہا کہ کرگل کے ماسٹر مائنڈ پرویز مشرف قومی مجرم کے خلاف قانونی کارروائی ضرور کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) شاہد عزیز کی چارج شیٹ کا دفاع کرتے ہوئے ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے جو وضاحت کی ہے اس میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں ہر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا جبکہ پرویز مشرف نے کشمیر کاز کو زبردست نقصان پہنچایا۔