افغان طالبان نے لندن کی سہ فریقی کانفرنس کا اعلامیہ مسترد کر دیا
کابل (اے ایف پی+ آن لائن) طالبان نے پاکستان، افغانستان اور برطانوی رہنماﺅں کے درمیان لندن میں ہونے والی سہ فریقی کانفرنس کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کانفرنس اور ہارس ٹریڈنگ حقیقی نمائندوں کے درمیان بامعنی اور موثر بات چیت میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اسلامک ویب سائٹ پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ لندن کانفرنس میں تین ممالک کے سربراہوں کی جانب سے چھ ماہ کے اندر امن کے عمل کو یقینی بنانے کا جو اعلان کیا گیا ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر طالبان کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے امریکہ کے ساتھ کسی بھی طرح کے امن مذاکرات کو براہ راست شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسز محض پراپیگنڈا ہوتی ہیں جن کا مقصد یہ تاثر دینا ہوتا ہے کہ وہاں امن کے حوالے سے سرگرمیاں یا ترقی کا عمل جاری ہے۔