• news
  • image
  • text

موقع ملا تو کراچی اور دوسرے شہروں میں بھی میٹرو بس منصوبہ بنائیں گے : شہبازشریف

لاہور (وقت نیوز+خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس سروس صرف لاہور نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے۔ موقع ملا تو کراچی اور دیگر شہروں میں بھی یہی منصوبہ بنائیں گے۔ منصوبے پر بسوں کے علاوہ تمام سرمایہ کاری حکومت پنجاب کی ہے۔ ”وقت نیوز“ کے پروگرام ”ایٹ پی ایم ود فریحہ ادریس“ میں اظہار خیال کرتے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے مشورہ دیا کہ معیاری بس سروس شروع ہونی چاہئے۔ نواز شریف پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے نقائص سے باخبر ہیں۔ ریپڈ بس سروس ایک صاف و شفاف منصوبہ ہے جو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا گیا۔ منصوبہ پر 30ارب روپے لاگت آئی ہے۔ جبکہ پرویز الٰہی دور میں ایک کاغذی منصوبہ بنا جس کی لاگت 240ارب روپے تھی اور زرداری یہ منصوبہ بناتے تو اس پر 200ارب روپے لاگت آتی اور دو سو ارب روپے کی لاگت کے باوجود یہ منصوبہ قیامت تک مکمل نہ ہوتا۔ منصوبے میں تعاون کرنے پر ترک حکومت کے شکر گزار ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو کاروبار کی شکل نہیں دینی چاہئے۔ بس سروس سے بوڑھے، بچے، خواتین، طالب علم اور تمام شہری فائدہ اٹھائیں گے۔ ہم نے دیگر لوگوں کی طرح عوام کے پیسے کو بینکوں میں بند نہیں رکھا۔ یہ منصوبہ ابتدا ہے ملک بھر میں ترقی کے خواہاں ہیں۔ نواز شریف نے ملک میں موٹر وے جیسا عظیم منصوبہ بنایا۔ عوام کی ترقی کے لئے پورے ملک میں ترقیاتی کام کئے جبکہ پی پی نے 5سال میں کرپشن کے انبار لگا دیے۔ ہم نے راولپنڈی، بہاولپور اور ڈی جی خان کو نیا شہر بنا دیا ہے۔ صوبہ بہاولپور وہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق بحال ہونا چاہئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں اندھیروں کا راج اور انڈسٹری بند ہے۔ ایک سوال پر کہا کہ ووٹ لینے کے لئے منصوبے بناتا تو زرداری کی اسسٹنٹ کرتا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں اچھے طرز حکمرانی، شفافیت کے فروغ اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ گڈ گورننس کے اہداف کے حصول اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے سٹیزن فیڈ بیک ماڈل کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اس شاندار پروگرام کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے اور اسے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے۔ سٹیزن فیڈ بیک ماڈل سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اور اس سے عوام کا اداروں پر اعتماد بھی بحال ہوگا۔ وہ گذشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں سٹیزن فیڈ بیک ماڈل پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہا کہ سٹیزن فیڈ بیک ماڈل سرکاری اداروں کے بارے میں عوامی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ہے اور اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ ایک نہایت اہمیت کا حامل پروگرام ہے۔ حکومتی اداروں کی کارکردگی کو موثر بنانے کے لئے عوامی فیڈ بیک اہم کردار اداکرتا ہے اور اس سے شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد بھی بڑھتا ہے۔ سٹیزن فیڈ بیک ماڈل کی مانیٹرنگ کے لئے بھی موثر نظام ہونا چاہئے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ عوامی مفاد عامہ کا ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جسے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ شفافیت، معیار اور تیز رفتاری کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔ ملک کی 65 سالہ تاریخ میں میٹرو بس پراجیکٹ جیسا عوامی منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ یہ منصوبہ پاک ترک دوستی کی شاندار مثال ہے۔ منصوبے پر دن رات کام کرکے نئی تاریخ رقم کی گئی ہے۔ مزدوروں، ٹھیکیداروں اور متعلقہ ادارو ںکے حکام نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے۔ میٹرو بسیں پہلے 4 ہفتے عوام کیلئے مفت چلیں گی، کسی قسم کا کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا۔ وہ گذشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں میٹرو بس پراجیکٹ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ میٹرو بس پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران دن رات کام کرکے عزم و ہمت کی لازوال داستان رقم کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا اور شہریوں کو آرام دہ، باکفایت، جدید اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ یہ منصوبہ مشن سمجھ کر مکمل کیا گیا ہے اور پاکستان کی تاریخ کا یہ منفرد اور انمول پراجیکٹ ہے جو معیار، شفافیت اور تیز رفتاری کے لحاظ سے سب سے بہتر ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ کا افتتاح 10 فروری کو سادہ مگر پروقار تقریب میں کیا جا رہا ہے جس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میٹرو بس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ منصوبہ عوام کے لئے ایک تحفہ ہے جس سے پبلک ٹرانسپورٹ کا کلچر یکسر بدل جائے گا اور عوام کو تکلیف دہ پبلک ٹرانسپورٹ کی جگہ انتہائی آرام دہ اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ منصوبہ ترک حکومت کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے اور میں ذاتی طور پر ترک صدر عبداللہ گل، ترک وزیراعظم طیب اردگان اور میئر استنبول قادر توپباش کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اس منصوبے کی تکمیل کے لئے بھرپور تعاون کیا۔ اجلاس میں افتتاحی تقریب کے انتظامات کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔  

epaper
لاہور: وزیراعلیٰ شہباز شریف میٹرو بس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن