الیکشن کمشن پر مکمل اعتماد ہے، حکومت جلد الیکشن کا اعلان کرے: آفتاب شیرپاﺅ
اسلام آباد (آن لائن) سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاﺅ نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت قائم کیا گیا ہے اس پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں‘ حکومت ابہام ختم کرنے کیلئے عام انتخابات کا جلد اعلان کرے‘ آئین عبوری حکومت کی مدت میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا‘ مشرف کے دور میں نواب اکبر بگٹی کیخلاف آپریشن سے میں قطعی طور پر لاعلم تھا۔ صوبائی حکومت کی اجازت پر ملٹری نے آپریشن کیا۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں اپنی مستقل ضمانت کے حوالے سے دائر درخواست خارج ہونے کے بعد صحافیوںسے خصوصی گفتگو میں مزید کہا کہ مشرف اس کیس میں اصل ملزم ہے تاہم اس کیخلاف کارروائی کس نے کرنی ہے۔ یہ عدالتیں اور ادارے جانتے ہیں۔ مشرف کو سزا دینے کا کام عدالت کا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے خدشات تھے کہ ٹرائل کورٹ کہیں ان کی عبوری ضمانت کے باوجود گرفتاری کا حکم جاری نہ کردے‘ جب تک ضمانت پر ہوں ٹرائل کورٹ گرفتاری کا حکم جاری نہیں کرسکتی۔