پی پی، ق لیگ کا وسیع تر انتخابی اتحاد کی تشکیل پر اتفاق
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے ق لیگ اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان وسیع تر انتخابی اتحاد کی تشکیل پر اصولی طور پر اتفاق رائے ہو گیا ہے جس میں دیگر جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے گا اس سلسلے میں دیگر حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے علاوہ دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ قائم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں ق لیگ کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان انتخابی اتحاد کے معاملہ پر یہ دوسری ملاقات ہے اور دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جمعہ کو لاہور میں چودھری برادران کی رہائش گاہ پر ہو گا جس میں باقی امور طے کئے جائیں گے۔ دونوں جماعتوں کے مطابق طے شدہ فارمولے کے مطابق نشستوں کی تقسیم پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔