نیب افسروں کی رہائش‘ فیڈرل لاجز میں پولیس تعینات کی جائے : وفاق کا پنجاب حکومت کو خط
لاہور (معین اظہر سے) وفاقی حکومت نے نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران فیصل کی پراسرار ہلاکت کے بعد پنجاب حکومت کو لاہور میں نیب افسران کی رہائش گاہوں اور فیڈرل لاجز کی سیکورٹی پولیس کے حوالے کرنے کے لئے لیٹر لکھ دیا۔ سیکرٹری ناصرہ حیات، وزارت ہاوسنگ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو جو خط لکھا ہے اس میں کہا ہے کہ تمام اہم اور حساس قسم کا کام کرنے والے افسر چمبہ ہاﺅس اور فیڈرل لاجز میں رہ رہے ہیں، ان کی سکیورٹی کے لئے فوری طور پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے ہر آنے جانے والے فرد اور گاڑی کا ریکارڈ رکھا جائے۔ وزارت نے اپنے طور پر ملک کے تمام اہم وفاقی افسروں کی رہائش گاہوں کی سکیورٹی کے سخت انتظاما ت کرنے کی ہدایات دی ہیں جبکہ تمام فیڈرل لاجز میں جدید سیکورٹی سسٹم کیمرے لگائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ فیڈرل لاجز میں رہنے والے افسران کے آنے جانے کا ریکارڈ بھی رکھا جائے گا تاہم جو عملہ ا س وقت فیڈرل لاجز لاہور میں سیکورٹی پر تعینات ہے ان کے پاس ہائی رسک سیکورٹی کا تجربہ نہیں ہے اس لئے لاہور میں چمبہ ہاﺅس اور فیڈل لاجز جوہر ٹاﺅن میں فوری طور پر پولیس فورس تعینات کی جائے کیونکہ وہاں پر زیادہ تر بڑے افسران رہ رہے ہیں اور وہ اہم اور حساس اداروں میں تعینات ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے خط کی وصولی کے بعد ہوم سیکرٹری کو ہدایا ت جاری کیں جس پر ہوم سیکرٹری پنجاب نے آئی جی پنجاب کو لیٹر لکھا ہے کہ فوری طور پر سیکورٹی فراہم کی جائے۔