• news

قصور: دیرینہ دشمنی پر دو افراد قتل، ملزمان فرار


مصطفی آباد/ للیانی (نامہ نگار) دن دیہاڑے دیرینہ دشمنی پر اندھادھند فائرنگ کرکے مخالف کو ساتھی سمیت قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گاﺅں دفتوہ کے رہائشی ماسٹر محمد اشرف کا اپنے گاﺅں کے شبیر احمد عرف چڑی کے ساتھ دیرینہ عداوت پر تنازع چل رہا تھا جس میں چند ماہ قبل شبیر احمد نے اپنے بھائی کے قتل کا مقدمہ ماسٹر محمد اشرف وغیرہ کے خلاف درج کروایا تھا جس میں ماسٹر محمد اشرف کو عدالت مجاز نے بے گناہ قرار دیکر مقدمہ سے بری کر دیا جس کا شبیر وغیرہ کو شدید رنج تھا۔ گذشتہ روز ماسٹر محمد اشرف اپنے ساتھی مقبول احمد کے ہمراہ سکول ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ راستے میں ملزمان شبیر عرف چڑی، صفدر عرف چھبا، بلال اور منیر احمد نے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ انہیں روکا اور اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔ جس کے نتیجہ میں محمد اشرف اور مقبول احمد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مقامی پولیس نے دونوں نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور بھجوا دیں ہیں۔ مقدمہ درج، ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس ایچ او تھانہ مصطفی آباد نیاز احمد نے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن