الیکشن کون ملتوی کرانا چاہتا ہے، سیاستدانوں کا نام بتانے سے گریز، فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ ہم خیال اور ملم لیگ فنکشنل نے قرار دیا ہے کہ الیکشن ملتوی کروانے والی قوتوں کو بھی لوگ جانتے ہیں اور جن لوگوں کی پشت پناہی کی جا رہی ہے وہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں تاہم تینوں سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے براہ راست کسی قوت یا لوگوں کی نشاندہی کرنے سے گریز کیا۔ مشاہداللہ خان، ہمایوں اختر خان اور سلطان محمود خان ایڈووکیٹ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کسی قوت یا لوگوں کی نشاندہی کرنے کی بجائے اس بات کو عوام پر چھوڑ دیا کہ وہ بہتر طور پر جانتے ہیں کہ کون لوگ یہ حرکتیں کر رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سنیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہونگے اس سلسلے میں خدشات کا اظہار معمول کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ تمام سیاسی جماعتیں آزاد و شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمشن کے ممبران کی تبدیلی پر آمادہ ہو جائیں۔ الیکشن کمشن کے سربراہ جسٹس فخر الدین جی ابراہیم پر سب کو اتفاق ہے، انہیں برقرار رکھا جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسان وائیں نے کہا کہ عام انتخابات کا التوا عوامی نیشنل پارٹی کسی صورت قبول نہیں کرے گی تاہم وہ نہیں جانتے کہ کون سی قوتیں الیکشن سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔ وزیراعظم، میاں رضا ربانی اور نواز شریف کو چاہئے ایسا کرنے والوں کی نشاندہی بھی کریں۔