ٹریفک وارڈنز ”چالان فورس“ میں تبدیل، 13 ماہ میں 18 لاکھ گاڑیوں کو جرمانے
لاہور (احسان شوکت سے) سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کی بجائے صرف چالان کرنے والی فورس بن کر رہ گئی۔ ٹریفک وارڈنز نے گزشتہ 13 ماہ میں شہر میں ساڑھے 18 لاکھ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے چالان کرکے ”اعلی کارکردگی“ کا مظاہرہ کیا۔ 8 لاکھ 10 ہزار 40 موٹر سائیکل، 2 لاکھ 42 ہزار 3 سو 52 کاروں کے چالان کئے گئے۔ 16 ہزار 6 سو 77 ٹریکٹر ٹرالی، 61 ہزار بسوں، 19 ہزار ٹرک، 2 لاکھ 37 ہزار ویگنوں، 11 ہزار فلائنگ کوچز اور ڈیڑھ لاکھ پک اپ گاڑیوں کے بھی چالان ہوئے۔ سبز نمبر پلیٹ پر 132، رنگدار شیشے والی 6 ہزار جبکہ جعلی ریوالونگ لائٹ والی 2 گاڑیوں کے بھی چالان کئے گئے۔ ہیلمٹ نہ پہننے پر 1 لاکھ 13 ہزار ریکارڈ چالان کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق حقائق یہ ہیں کہ زیادہ ریونیو اکٹھا کرنے کے لئے ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی کو چالان کرنے سے مشروط کر دیا گیا۔ ہر وارڈن کو روزانہ 20 چالان کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے ٹارگٹ پورا کرنے پر وارڈنز کو ”وارڈنز آف دی منتھ“ کی آڑ میں نقد انعامات دئیے جاتے ہیں جبکہ ٹارگٹ پورا نہ ہونے پر بطور سزا پولیس لائنز ٹھوکرنیاز بیگ میں ڈرل کرائی جاتی ہے۔ ٹریفک وارڈنز چالان میں مصروف ہیں جبکہ ٹریفک کی انتہائی گھمبیر صورتحال ہے سڑکوں پر میلوں لمبی قطاریں معمول بن گئی ہیں۔