پنجاب پولیس کا ساہیوال لائن کے قریب اینٹی کرپشن آفس تعمیر کا فیصلہ ماننے سے انکار
لاہور (سٹاف رپورٹر) محکمہ پنجاب پولیس نے ساہیوال پولیس لائن سے ملحقہ زمین پر اینٹی کرپشن کے ریجن آفس کی تعمیر کے فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے اور اس زمین پر پولیس ٹریننگ سکول کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے پنجاب پولیس نے بورڈ آف ریونیو کو بھی فوری طور پر محکمہ اینٹی کرپشن کو زمین کی الاٹ کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کینسل کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ تمام تر صورتحال سے چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی آگاہ کر دیا ہے پنجاب حکومت نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن ساہیوال سے ملحقہ زمین خسرہ نمبر 3486,3487,3488,3489رقبہ 8کنال پر اینٹی کرپشن ریجنل آفس کی تعمیر کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں زمین کی محکمہ اینٹی کرپشن کو الاٹ کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جس پر پنجاب پولیس نے شدید ناراضگی کااظہار کیا ہے اور اس زمین کو خالی کرنے سے بھی انکار کر دیا گیا ۔