امارات کا توقیر صادق کو نیب کے حوالے کرنے سے انکار‘ ٹیم واپس آگئی
اسلام آباد (آئی این پی + ثناءنیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے سابق سربراہ توقیر صادق کو گرفتار کرنے ابوظہبی جانے والی قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم متحدہ عرب امارات سے خالی ہاتھ واپس آگئی، امارات کی حکومت نے توقیر صادق کو نیب کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب کے ایک سینئر افسر نے بتایا حالانکہ پاکستان اور ابوظہبی میں معاہدہ ہے اس کے باوجود ان سے حوالگی کے عمل کےلئے جانے کےلئے کہا گیا۔ اہلکار نے کہا نیب کے تفتیش کار واپس آگئے ہیں اور صرف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے افسر جو انٹرپول سے معاملے کو حل کریں گے، ابوظہبی میں رک گئے ہیں۔ نیب ترجمان ظفر اقبال نے دعوی کیا امارات کی حکومت نے توقیر صادق کو ان کے حوالے کرنے سے منع نہیں کیا لیکن قانونی کارروائیاں مکمل کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا نیب کوشش کر رہا ہے توقیر صادق کو یو اے ای سے ڈیپورٹ کیا جا سکے لیکن یہ صرف انٹرپول کے ذریعے ممکن ہے۔ جیسا بی او پی کیس میں کیاگیا تھا جہاں شیخ افضل اور ان کے بیٹے کو ملائیشیا سے ڈیپورٹ کیا گیا تھا۔ واضح رہے توقیر صادق پر مبینہ طور پر 82 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔