• news

قائداعظم ٹرافی: وہاب ریاض کی تباہ کن باﺅلنگ‘ لاہور راوی 153 رنز پر ڈھیر‘ فاسٹ باﺅلر کی 9 وکٹیں

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری قائداعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کے سپرایٹ مرحلے کے لاہور شالیمار کے ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کی تباہ کن باﺅلنگ کے سامنے لاہور راوی کی ٹیم بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم 153رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ یاسر اجمل اور عابد علی 34،34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ وہاب ریاض نے 59 رنز کے عوض نو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک لاہور شالیمار نے ایک وکٹ کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔ عمر ان بٹ 51 اور عمر اکمل 54رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ میرپور سٹیڈیم میں پول بی کے میچ کے پہلے روز کر اچی وائٹس نے حیدر آباد کے خلاف نو وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، خرم منظور 62 اور طارق ہارون 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حیدرآباد کی طرف سے لعل کمار نے چار جبکہ نعمان علی اور ناصر اویس نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ پول اے میں پنڈی سٹیڈیم میں راولپنڈی نے اسلام آباد کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے۔ شعیب احمد 88 اور بابر نعیم 78 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ڈائمنڈ گراﺅنڈ اسلام آباد میں سیالکوٹ اور کر اچی وائٹس کے مابین میچ گراﺅنڈ گیلی ہونے کے باعث شروع نہ ہو سکا۔ سپر سکس کے پول اے میںگوہاٹی سٹیڈیم صوابی میں ایبٹ آباد اور ملتان کے مابین میچ شروع نہ ہو سکا جبکہ پول بی میں ارباب نیاز سٹیڈیم میں پشاور اور کوئٹہ کی ٹیموں نے پہلے پونے دو روز کا کھیل ضائع ہونے پر اپنی پہلی انگ فارفیٹ کر دیں۔ دوسری اننگ میں پشاور نے ایک وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنائے تھے۔ اسراراللہ اور نوید خان 23،23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن