بحری مفادات کے تحفظ کے لئے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر قائم
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر دفاع سید نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کے بحری دفاع کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جدید ضرورتوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پی این ایس قاسم منوڑا میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی موجود تھے۔ سید نوید قمر نے کہا کہ جے ایم آئی سی سی کے قیام سے ملک کی سمندری دفاع اور درپیش خطرات کا کامیابی سے مقابلہ کیا جا سکے گا۔ تقریب سے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود سے سالانہ 8 ارب روپے کی مچھلی سمگلنگ کی جاتی ہے جس کو روک تھام میں جے ایم آئی سی سی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے میری ٹائم سکیورٹی کو درپیش سب سے بڑا چیلنج مختلف وزارتوں کے تحت کام کرنے والے میری ٹائم سیکٹر سے متعلق اداروں کے مابین باہمی ربط اور ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، اس مقصد کے تحت پاکستان نیوی نے جے ایم آئی سی سی کو معرض وجود میں لانے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا تاکہ میری ٹائم سیکٹر سے متعلق متعدد اداروں کے درمیان متوازی رابطہ استوار کیا جا سکے۔